کراچی : وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) کے ساتھ طے شدہ ایک کھرب ستر ارب روپے کے منی بجٹ کے تحت نئے ٹیکس نافذ کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
ایف بی آر نے جی ایس ٹی کی شرح سترہ سے بڑھا کر اٹھارہ فیصد کردی ہے جبکہ سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں بھی ڈیڑھ سو فیصد سے زائد تک اضافہ کردیا ہے ۔
ایف بی آر کے سینئر افسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ نہ صرف نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے بلکہ فیلڈ فارمشنز کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں اور ٹیکسوں کی نئی شرح کا اطلاق آج(بدھ)سے کردیا گیا ہے۔
فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھانے کیلئے جاری کردہ ایس آر او نمبری178(I)2023میں بتایا گیا ہے کہ ٹیئر ون میں شامل سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ساڑھے چھ ہزار روپے سے بڑھا کرساڑھے سولہ ہزار روپے فی ایک ہزار سگریٹ کردی گئی ہے۔
ٹیئر ٹو میں شامل سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی دو ہزار پچاس روپے سے بڑھا کر پانچ ہزار پچاس روپے فی ایک ہزار سگریٹ کردی ہے اسی طرح جنرل سیلز ٹیکس کی شرح سترہ فیصد سے بڑھ کر اٹھارہ فیصد کردی گئی ہے ۔
اس حوالے سے ایف بی آر کے فیلڈ فارمشنز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں منگل کی رات 12 بجے کے بعد جی ایس ٹی کی سترہ کی بجائے اٹھارہ فیصد شرح آپ لوڈ کردی گئی ہے ٹیکس کی شرح وی باک سسٹم میں تبدیل کی گئی ہے جو خود بخود نئے ریٹ چارج کرنا شروع کردے گا۔