اسلام آباد،راولپنڈی: پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ عسکری مشقیں’’ الکاسح4 ‘‘اختتام پذیرہو گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک سعودیہ مشترکہ مشقوں الکاسح 4 کے اختتام پر ملٹری کالج آف انجینئرنگ رسالپور میں اختتامی تقریب ہوئی۔
دونوں ملکوں کے بری افواج کے جوانوں نے مشقیں کیں۔ دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد، دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑیوں سے نمٹنا بھی مشقوں میں شامل تھا۔ خودکش حملہ آور کیخلاف حکمت عملی بھی مشقوں کا حصہ تھی۔ دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ فوجی تعاون کے سلسلہ میں الکاسح سیریز کی چوتھی مشترکہ مشق تھی۔
انجینئر انچیف پاکستان آرمی نے بطور مہمان خصوصی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں سعودی ڈائریکٹر جنرل انجینئرز میجر جنرل سعد مسفر القحطانی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا فوجی وفد بھی شریک ہوا۔
دو ہفتے طویل مشق کا مقصد روٹ، علاقائی، انفرادی اور گاڑیوں کی جانچ پڑتال کے بارے میں مہارتوں کا تبادلہ تھا۔ مشقوں میں ایریا کلیئرنس آپریشنز کے شعبہ میں بھی باہمی تجربات کا تبادلہ کیا گیا۔