مینڈیٹ تسلیم کرکے میئر کراچی کا الیکشن فوری کرایا جائے: بلاول

اسلام آباد:‌چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی سے عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے اور میئر کے انتخابات فوری کرائے جائیں، الیکشن کمیشن جیتے ہوئے امیدوار کا نوٹیفکیشن فی الفور جاری کرے، کراچی میں مخصوص نشستوں کے انتخابی عمل کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہائوس اسلام آباد میں کراچی کے صدر ٹائون کی یونین کونسل 11 سے چیئرمین کا انتخابات جیتنے والے نجمی عالم نے ملاقات کی اور انتخابات سے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا اگر بلدیاتی انتخابات کے اگلے انتخابی عمل میں تاخیر ہوئی تو پاکستان پیپلزپارٹی احتجاج کا حق رکھتی ہے۔ بلاول سے وزیراعظم کے مشیر برائے کھیل اور سیاحت عون چودھری نے بھی ملاقات کی اور ملک میں کھیل اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ہونے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی سے گلگت بلتستان کے پیپلزپارٹی کے رہنما مرحوم دلبر خان کے صاحبزادوں راجہ نظام الدین، رحمت حسین اور غلام حسین نے ملاقات کی۔ بلاول نے حاجی دلبر کے صاحبزادوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر راجہ پرویز اشرف، فیصل کریم کنڈی، قمر زمان کائرہ، رانا فاروق سعید، حسن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔ دریں اثنا وزیرخارجہ بلاول سات روزہ دورے پریورپ روانہ ہوگئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے جرمنی پہنچیں گے، دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔