ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ، گڈٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کااعلان کردیا

کراچی: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کردیاہے۔کراچی سے حیدرآباد جانے والی وین کا کرایہ 200 روپے اضافے کے بعد 550 روپے ہوگیا ہے، کراچی سے سکھر جانے والی وین کا کرایہ 1200 سے بڑھاکر 1600 روپے کردیا گیا ہے۔

کراچی سے پنجاب اور خیبرپختونخوا جانے والی بسوں کے کرایوں میں بھی 20 سے 25 فی صد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی گاڑیوں کے کرائے میں 1000 روپےتک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔پشاور جانے والی گاڑیوں کا کرایہ 1500 روپے اضافے کے بعد ساڑھے 6 ہزار روپے ہوگیا ہے۔کراچی سے راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے کرایوں میں 500 روپے سے زائد اضافہ کیا گیا ہے روپے اضافہ کیا گیا ہے۔کراچی سے صادق آباد ،لاہور کا کرایہ 300 روپے سے 600 روپے تک بڑھا دیا گیا۔

اے سی اور نان اے سی دونوں قسم کی بسوں اورکوچزکے کرائے 20 فیصد بڑھا دیے گئے ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نے 27 فروری کو ہڑتال کا اعلان کردیاہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس اور یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹرز کے رہنماؤں شہزاد اعوان دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ہم گاڑیاں چلانے کی پوزیشن میں نہیں, ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت پر فوری طور نظرثانی کر کے قیمت واپس لی جائے۔

ان کا کہناتھا کہ کسٹم پولیس کی ناجائز چیکنگ نے ہمارے لیے مشکلات پیدا کی گئی ہیں ،رشوت کا بازار ختم کیا جائےعرصہ دراز سے ہاکس بے ٹرک اسٹینڈ پر کے ایم سی کی ملی بھگت سے تجاوزات کا سلسلہ جاری ہے جس کو ختم کیا جائے،اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو 27 فروری پیر کے روز ملک گیر ہڑتال کریں گے۔