کراچی : کراچی میں پولیس آفس حملے کے بعد حیدرآباد،سکھر سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے متعلقہ اضلاع میں تازہ ہدایت کے بعد تمام پولیس افسران و جوانوں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں جبکہ پولیس کی شہر بھر میں سخت ناکہ بندی و اسنیپ چیکنگ شروع کردی گئی اورحساس تھانوں کے گیٹ بند کردیے گئے ۔
کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت سیکیورٹی قائم کردی گئی جبکہ اہم تنصیبات ،ایس ایس پی آفس ضلعی پولیس ہیڈکوارٹر، ڈی سی ہاؤس سمیت دیگر تمام سرکاری و غیر سرکاری عمارات پر سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔
ریلوے پولیس نے بھی تمام ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ٹرینوں کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا،آئی جی ریلویز کے احکامات کی روشنی میں تمام ڈویژنز کے ایس پیز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ،اسٹیشنز کے داخلی اور خارجی راستوں کی چیکنگ مزید بڑھادی گئی۔
ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے ذریعے سرچ اور کلیئر کرنے کے احکامات دیے گئے اورغیر ضروری نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا۔j