Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the wordpress-seo domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6114
اسلامی تعاون تنظیم ترکیہ کے سیلاب متاثرین کیلئے فوری اجلاس بلائے:شہبازشریف |

اسلامی تعاون تنظیم ترکیہ کے سیلاب متاثرین کیلئے فوری اجلاس بلائے:شہبازشریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج ترکیہ اس صورتحال سے دوچار ہے جس کیلئے ترکیہ کو عالمی حمایت کی ضرورت ہے، ترکیہ کے مشکل میں گھیرے ہوئے لوگوں کی خدمت کرنے کا وقت ہے، اسلامی تعاون تنظیم کو فوری طور پر اپنا اجلاس بلانا چاہئے، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے درخواست کی کہ تنظیم کا اجلاس فوری بلایا جائے تاکہ سارے اسلامی ممالک ترکیہ کے لوگوں کی مدد کیلئے فوری امدادی پیکج کا جائزہ لے سکیں، عالمی برادری آگے بڑھے اور ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی بحالی کےلئے جہاں تک ممکن ہو اپنا حصہ ڈالے، پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ ہے، ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کےلئے رواں ماہ کے آخر تک 1300 ٹن امدادی اشیا ترکیہ پہنچائی جائیں گی، مارچ کے دوران 1700 ٹن تک امدادی اشیا ترکیہ بھیجی جائیں گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ ترکیہ کے موقع پر ترک نیوز ایجنسی انادولو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا خیموں کو ترکیہ پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہماری امدادی ٹیموں نے کم از کم 14 افراد کو ملبے تلے سے زندہ نکالا اور اﷲ کے فضل وکرم سے صحت مند ہیں۔

انہوں نے کہامیں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور مشکل کے اس لمحے میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں۔ شہباز شریف نے کہا کہ میری اپنے بھائی طیب اردوان سے تفصیلی ملاقات ہوئی اور کھل کر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک عظیم رہنما ہیں ،وہ ثابت قدم، صبر و استقامت اور زبردست قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔

وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ترک صدر کی قیادت میں حکومت اور عوام بہت جلد اس بحران سے نکل آئیں گے۔ترکیہ میں حالیہ زلزلے پر فوری ردعمل اور ترکیہ پاکستان کے درمیان یکجہتی کے پس منظر کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا ہمارا بھائی چارہ ہے اور ہم ایک خاندان کی طرح ہیں، اگرچہ آپ ترک زبان بولتے ہیں، ہم اردو زبان بولتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم ایک دوسرے سے جو کہتے ہیں اسے سمجھتے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے خیمہ سازی کے صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے 1 لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجے گا،ترکیہ بھیجے جانے والے خیموں کا بین الاقوامی معیار یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے خیموں کے معیار کے تعین کیلئے وزیرِ منصوبہ بندی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیراعظم نے کہا ترکیہ میں خیموں کی فوری ضرورت پوری کرنے کیلئے فضائی راستے سے خیمے بھیجے جائیں،پاکستان سے بھیجے جانے والے خیموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکار اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

انہوں نے اپیل کی کہ ترکیہ کے بہن بھائیوں کی مدد کی خاطر خیمہ سازی کے صنعتکار حکومت کو کم نرخوں پر خیمے فراہم کریں۔پاکستان، شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے خوراک، گرم کپڑے اور خشک دودھ بھیج رہا ہے جبکہ پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہیں۔