لاہور : تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ الیکشن نہ کرا کے آئین شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں، اپنی آئین شکنی بچانے کے لیے امپورٹڈ حکومت اب عدلیہ پر حملہ آور ہے۔لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے شہباز گِل نے ملاقات کی۔
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف اور اس کے ورکر ہر صورت عدلیہ کے تقدس کی حفاظت کریں گے، مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے، ملکی معیشت پہلے ہی برباد کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ سمیت بہت سے عوام دوست منصوبے بند کرنے سے غریب پر بوجھ بڑھ رہا ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ ڈالی ہے، ان میں عام آدمی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ خود کو جو معیشت کے چیمپئن سمجھتے تھے آج کل منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، ہر پاکستانی جان چکا ہے کہ یہ الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔ملاقات میں شہباز گِل نے آئندہ الیکشن میں یوتھ ونگ، آئی ایس ایف اور سوشل میڈیا ونگ کو 10 فیصد ٹکٹس دینے کی درخواست کی۔
شہباز گِل نے کہا کہ جو پارٹی ورکر مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوا اسے الیکٹ ایبل پر ترجیح دی جائے۔