کراچی: متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے پی ڈی ایم کی سفارش پر قومی اسمبلی کے حلقوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومتی اتحاد پی ڈی ایم اور وزیراعظم کی درخواست پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا دوسرے روز بھی اجلاس ہوا، جس میں اراکین کی مختلف آرا سامنے آئیں، جن میں سے کچھ نے الیکشن لڑنے جبکہ کچھ پی ڈی ایم کی بات ماننے کا مطالبہ کرتے نظر آئے۔
اراکین کی تجاویز پر ایم کیو ایم نے ضمنی الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا، را بطہ کمیٹی کے دو روزسے جاری اجلاس کے بعد متقفہ طور پرفیصلہ کیا جس کی کنوئینرخالد مقبول صدیقی نے توثیق کر دی۔
ذرائع کے مطابق 16ما رچ کو کراچی میں9قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کنوئینر ایم کیوایم پاکستان سے رابطہ کیا تھا اور ملکی معاشی مسائل کے پیش نظر ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی تھی۔
اس سے قبل ایم کیو ایم سے ن لیگی رہنما نے بھی رابطہ کر کے ضمنی الیکشن نہ لڑنے کی اپیل کی تاہم متحدہ نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ تقسیم کیے اور کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے تھے۔
وزیراعظم کی ٹیلی فون کال کے بعد ضمنی الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کے حوالے سے گزشتہ دو روز سے ایم کیوایم را بطہ کمیٹی کی اہم بیٹھکیں ہوئیں۔ اراکین نے را ئے دی کہ ملک معاشی مسائل سے درچا ر ہے ان حالات میں الیکشن لڑنا کسی بھی صورت درست عمل نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گورنر ہاؤس میں بھی تین روز قبل ایم کیو ایم کے مشاورتی اجلاس میں کامران ٹیسوری نے ملکی معاشی حالات کے پیش نظر ایم کیو ایم سے انتخابات میں حصہ نہ لینے کی اپیل کی تھی۔