اسلام آباد: پاکستان میں سرطان کی بیماری کے تیر بہ ہدف علاج کیلئےانقلابی اقدام کرتے ہوئے پہلی بار جدید ترین ’’سائبر نائف روبوٹک ٹیکنالوجی‘‘ متعارف کرا دی گئی ہے۔
یہ کینسر کے علاوہ ٹیومرز کا بغیر جراحی، درد اور کسی بھی مشکل سے پاک انتہائی آسان طریقہ علاج ہے۔
گزشتہ روز سرکاری ذرائع نے 92 نیوز کو بتایا کہ پاکستان کے دورے پر آئے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گورسی نے وفاقی دارالحکومت کے نوری ہسپتال میں سائبر نائف ٹیکنالوجی کا اجراء کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سائبر نائف اب تک کا پہلا اور واحد جدید ترین روبوٹک ریڈیو تھراپی آلہ ہے، یہ سرطان کا جراحی، درد اور کسی بھی مشکل سے پاک آسان اور بے ضرر طریقہ علاج ہے، سائبر نائف ٹیکنالوجی سے سٹیروٹیکٹک ریڈیو سرجری اور سٹیروٹیکٹک باڈی ریڈی ایشن تھراپی کی جاتی ہے۔
اس طریقہ علاج سے کینسر کے مریض کو انتہائی درست انداز میں شعاعیں لگائیں جاتی ہیں، سائبر نائف طریقہ علاج انسانی جسم، اعضاء پر کسی بھی قسم کے مضر، منفی اثرات سے پاک ہے۔ مریض کو جدید طریقہ علاج سے کینسر کے مرض سے صحت یابی ممکن ہے۔ کئی مریضوں میں ٹیومر کے خاتمے کیلئےجراحی ممکن نہیں لیکن سائبر نائف ٹیکنالوجی سے ایسا ممکن ہے اور یہ طریقہ علاج سرجری کا متبادل ہو سکتا ہے۔ سائبر نائف ٹیکنالوجی سے ٹیومر تک ہی تابکاری اثرات پہنچتے ہیں اور صحت مند حصو ں کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا یوں یہ آلہ علاج کے دوران اور بعد میں مریض کیلئے بہتر معیار زندگی کا باعث بن سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو دہائیوں سے آزمودہ سائبر نائف روبوٹک ریڈیو تھراپی سے علاج عموما ایک ہفتے میں ایک سے پانچ سیشنز میں کیا جاتا ہے، اس روبوٹک ڈیلیوری اور ریئل ٹائم امیج گائیڈنس نے ڈیلیوری کی درستگی کا معیار قائم کیا ہے اور ٹیومر کی مکمل رینج کیلئے سٹیریو ٹیٹک ریڈیو سرجری اور سٹیریوٹیکٹک باڈی ریڈی ایشن تھراپی سے علاج کیا جاتا ہے۔
سائبر نائف ٹیکنالوجی سے پروسٹیٹ، پھیپھڑوں، دماغ، ریڑھ کی ہڈی، سر اور گردن، جگر، لبلبہ اور گردے سمیت پورے جسم کا علاج کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔