کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے مقتدر اداروں اور اہل اقتدار طبقوں کی طرف دیکھ رہے ہیں،مردم شماری کسی ایک سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں، کراچی میں رہنے والے ہر شہری کو گنا جائے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کا انعقاد ہر 10 سال بعد ہوتا ہے، گزشتہ مردم شماری 17 سال بعد ہوئی، موجودہ مردم شماری 5 سال بعد ہو رہی ، اس مردم شماری کا کریڈٹ ایم کیو ایم پاکستان کا حق ہے۔ ہمارا پیپلز پارٹی پر کوئی اعتماد نہیں، ہم سمجھتے ہیں مردم شماری بھی سیاست کی نذر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کراچی میں رہنے والوں کی آبادی کو پھر کم کرکے دکھایا جائیگا، مردم شماری میں ہر گھر اور ہر شہری کو گنا جانا ضروری ہے۔
ان کاکہناتھاکہ ایک بلڈنگ میں ایک گھر نہیں ہوتا، بلڈنگ میں موجود ہر اپارٹمنٹ کو علیحدہ علیحدہ گنا جائے، ہمارے ساتھ حلقہ بندیوں میں ہاتھ ہوا، ہماری 70 یوسیز کو کم کیا گیا۔