جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے چودہ اگست کو پریس کلب کے سامنے مظاہرے کے دوران اشتعال انگیزی اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی نثار پہنور سمیت 16 ملزمان کو بری کردیا۔
کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے پریس کلب پر مظاہرے کے دوران اشتعال انگیزی اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا۔
عدالت نے ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی نثار پنہور سمیت 16 کارکنوں کو بری کیا اور ملزمان کے ضمانتی مچلکے واپس کرنے کی ہدایت کردی۔
پولیس کے مطابق ایم کیو ایم کارکنوں پر گزشتہ سال یوم آزادی کے موقع پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کارکنان پریس کلب پر یوم پاکستان کا جشن منانے کے لئیے پہنچے تھے۔ وہاں موجود پولیس نے کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ دیگر کارکنوں میں عمران خان، عبد الوہاب، علیم، ناصر صدیقی اور دیگر شامل تھے۔ کارکنوں پر ہنگامہ آرائی اور شرپسندی پھیلانے کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔