کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کہا کہ مردم شماری ایک قومی فریضہ ہے،ملکی ترقی اور مستقبل میں آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے درست مردم شماری انتہائی ضروری ہے،موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے لہذا ٹیکنالوجی کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں اِس لیے ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے، پورے پاکستان، شہری سندھ اور بالخصوص کراچی کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ ساتویں مردم شماری میں زیادہ سے زیادہ خود کا اندراج کروائیں ۔
اِن خیالات کا اظہار سید مصطفٰی کمال نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری میں عوام نے خود کو گنوانا ہے یہ بہت بڑا قومی فریضہ ہے اگر ہم خود کو گنوائیں گے نہیں تو ہم اپنے حقوق کی بات نہیں کر سکتے کیونکہ جس حساب سے ہماری گنتی ہو گی اُسی حساب سے ہمیں بجلی، گیس، پانی، ادویات، تعلیم اور ایوانوں میں نمائندگی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپنے غصب شدہ حقوقِ کو حاصل کرنے کی پہلی سیڑھی خودشماری ہے یہ ایک قومی فریضہ ہے اگر ہم نے خود کو درست نہیں گنوایا تو سمجھ لیں کہ ہم اپنے بچوں کے مستقبل سے زیادتی کر رہے ہیں اُن کے حقوق پر کوئی اور نہیں بلکہ ہم خود ڈاکہ ڈالیں گے اگر آپ نے اِس مردم شماری میں کوئی بھی کوتاہی نہیں برتی اور اپنے آپ کو صحیح گنوالیا تو آنے والا کل غریب اور مظلوم پاکستانیوں کا ہوگا۔