پی ایس ایل 8 : پنجاب حکومت اور پی سی بی میں ڈیڈ لاک برقرار

لاہور: پی ایس ایل ایٹ کے دوسرے مرحلہ میں پنجاب کے دو شہروں لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچوں کا معاملہ تا حال حل نہیں ہو سکا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے لچک دکھاتے ہوئے 50کروڑ کی بجائے 25کروڑ کی ادائیگی کرنے کی پی سی بی کو آفر کر دی تاہم پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے اس آفر کو بھی ماننے سے انکا کر دیا۔

لاہور میں اتوار اور سوموار کو کھیلے جانے والے دونوں میچ شیڈول کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے حکومت پنجاب کی جانب سے سکیورٹی اخراجات اور ٹیموں کے روٹ پر سڑکوں پر لگائی جانے والی عارضی فلڈ لائیٹس کے لئے مانگے گئے پچاس کروڑ روپے میں سے پانچ کروڑ روپے دینے کے بعد مزید کوئی ادائیگی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

حکومت پنجاب نے اپنی کیبنٹ کے اجلاس میں 25کروڑ روپے اخراجات خود برداشت کرنے کا فیصلہ کر کے پی سی بی کو آگاہ کیا اور باقی 25کروڑ کی رقم کی ادائیگی کا کہا مگرذرائع کے مطابق چیئر مین نجم سیٹھی نے اس آفر کو قبول نہ کیا اور کہا کہ تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے۔ پی سی بی کوئی مزید رقم نہ دینے کے فیصلہ پر قائم ہے ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔

معاملہ حل نہ ہونے کی صورت میں قوی امکان ہے کہ بقیہ میچ پنجاب سے کراچی منتقل کر دئے جائیں گے۔ تاہم ذرائع کا دعوی ہے کہ اب پی سی بی پیٹرن وزیر اعظم سے رابطہ کر کے کوئی حتمی فیصلہ کرے گی۔