کراچی: ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 14ویں میچ میں کراچی کنگز کی سپن کا جادو چل گیا، ٹیبل کی سرفہرست ملتان سلطانز کو 66 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
کراچی کی جانب سے دیے گئے 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ تبریز شمسی نے 4 اوورز میں 18 رنز سے کر 3 وکٹیں لیں، شعیب ملک بھی تین وکٹیں لے اڑے۔
عماد وسیم کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ فاسٹ بولر عاکف جاوید نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سلطانز کی جانب سے محمد رضوان 29 اور شان مسعود 25 رنز بنا کر مزاحمت کرسکے جبکہ انور علی نے 12 اور اسامہ میر نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس فتح کے ساتھ ہی 6 میچز کھیلنے کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر بھی آگئی۔کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔
پہلا میچ کھیلنے والے طیب طاہر نے 65، میتھیو ویڈ46، اور جیمز ونس نے 27 رنز بنائے جبکہ ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللّٰہ نے 2 اور انور علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کے تبریز شمسی کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔