کراچی : دار ارقم اسکولز کراچی ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین 55 سالہ سید خالد رضا گلستان جوہر میں فائرنگ سے شہید ہوگئے۔ انہیں گھر کی دہلیز پر شہید کیاگیا۔
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلی ٰ سندھ نے پرائیوٹ اسکول فیڈریشن کے عہدیدار خالد رضا کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے اورہدایت کی ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی دار ارقم اسکولز کراچی ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین سید خالد رضا کے قتل کی شدید الفاظ میں مزمت کی ہے ۔
انہوں نے کہاہے کہ شہر کراچی کو ڈاکووں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،عوام کی جان و مال محفوظ نہیں،شہر میں آئے دن اسٹریٹ کرائم و ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہورہے ہے ۔
انہوں نے کہاکہ کوئی انہیں روکنے والا نہیں،قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایش کے چئیرمین سید ولی وارثی اور جنرل سیکریٹری شہریار علی نے دار ارقم اسکول کراچی ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید خالد رضا کی ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔مشترکہ جاری کردہ بیان میں انکا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے شہر میں ڈاکو راج ہے اور پولیس ڈاکوؤں کے آگے بےبس ہے۔
شہریوں کے جان مال کی حفاظت کی کسی کو فکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت قاتلوں کی فوری گرفتاری کیلئے اپنا کردار ادا کرے ورنہ اسکول مالکان پر امن ملک گیر احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ حکومت اسکول مالکان کو فوری اسلحہ لائسنس جاری کرے۔
سید ولی وارثی اور شہریار علی کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سید خالد رضا کہ اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔