کراچی : نجی اسکول میں فن گالا کے دوران طالب علم کو بوتل لگنے سے زخمی ہونے کے معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد وزیر تعلیم نے اسکول کی رجسٹریشن معطل کر کے 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا ۔
کراچی کے علاقے ماڈل کالونی کاظم آباد میں واقع اسمارٹ اسکول میں فن گالا تقریب میں حادثاتی طور پر طالب علم حذیفہ کانچ کی بوتل کے ٹکڑا لگنے سے زخمی ہوگیا تھا صوبائی وزیر کےاحکامات پر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹیٹوشن نے تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ واقعہ کولڈرنک کا ڈھکنا کھلنے کے دوران پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق کولڈرنک کا ڈھکنا شدت سے بچے کے گلے پر لگا اور وہ شدید زخمی ہوا بچہ اس وقت سول اسپتال کراچی میں وینٹیلیٹر پر زیر اعلاج ہے ۔
اسکول انتظامیہ کی جانب سے فن گالا کے انعقاد کے دوران بچوں کی حفاظت کے معاملے پر توجہ نہیں دی گئی۔ شواہد اور بیانات کی روشنی میں اسکول انتظامیہ کی غیر ذمہ داری ثابت ہو چکی ہے۔اسکول کی رجسٹریشن معطل کر کے 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کرلیا گیا ہے۔
اسکول کے اندر موجود ایک ایک بچے/ بچی کی حفاظت اسکول انتظامیہ کی زمہ داری ہے۔سید سردار شاہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور بچے کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔