کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی میں 2 انڈسٹریل اوراکنامک زون بنانیکا ارادہ ہے،ایکسپورٹ انڈسٹری کے فروغ کیلئے پالیسی تیارکررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں خطاب کے دوران کیا،تقریب میں کاٹی کے صدرفراز الرحمان،نائب سرپرست اعلیٰ زبیرچھایا،سینئرنائب صدرنگہت اعوان،نائب صدرمسلم محمدی،قائمہ کمیٹی برائے پبلک ریلیشن اکرام راجپوت،سابق صدورفرحان الرحمان،گلزارفیروز،جوہرقندھاری،ایم کیو ایم کی سینیٹرخالدہ اطیب، ممبرقومی اسمبلی محمد ابوبکر،ایڈمنسٹریٹرکورنگی شریف خان،سینئرڈائریکٹرکونسل جاوید خان،عدنان خان سمیت دیگرممبران موجود تھے۔
ایم کیو ایم کے کنوینئرخالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ کاٹی اپنی تجاویزدے وزیراعظم تک پہنچائیں گے،پاکستان کے تمام شہریوں کو برابری کے حقوق ملنے چاہئے،انہوں نے کہا کہ 1998 میں اسٹیل ملزکی بحالی کیلئے سب سے پہلے چین سے معاہدہ کیا، لیکن بدقسمتی سے حکومتوں کی ترجیح معیشت نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات پورے کرنے پررہی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کوٹہ سسٹم خاتمے کیلئے جدوجہد کررہی ہے،عوام بھی اب کوٹہ سسٹم کیخلاف ہے تاہم میرٹ کا انتخاب کرنے والوں کو خود میرٹ پرہونا چاہیئے،کاٹی کے صدر فرازالرحمان نے کہا کہ کراچی سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے اورکوئی اسکو اون کرنے کو تیارنہیں،ملک سنگین معاشی بحران سے گزررہا ہے لیکن اس کے باوجود حکمران طبقہ اپنے ذاتی اختلافات میں مگن ہے،جس سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے،حکومت کی کوئی معاشی پالیسی نظرنہیں آرہی،معاشی بحران سے نمٹنے کا واحد حل جامع اورطویل مدت کی معاشی پالیسی یا میثاق معیشت ہے۔
نائب سرپرست اعلیٰ زبیرچھایا نے کہا کہ کراچی کو نظرانداز کیا جارہا ہے،کراچی کو سہولیات فراہم کئے بغیرملک معاشی ترقی نہیں کرسکتا،قائمہ کمیٹی برائے پبلک ریلیشن کے چیئرمین اکرام راجپوت نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں بزنس کمیونٹی شدید اضطراب کا شکارہے،سابق صدورفرحان الرحمان، گلزارفیروز اورجوہرقندھاری نے بھی خطاب کیا۔