کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ڈیفنس کے بنگلے میں کام کرنے والی لڑکی کی گمشدگی سے متعلق درخواست پر پولیس حکام کو آئندہ سماعت پر تحیقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو ڈیفنس کے بنگلے میں کام کرنے والی لڑکی کی گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
والدہ صغرہ بی بی نے بتایا کہ 17 دسمبر 2022 کو بیٹی رمشا ڈیفنس فیز فور میں واقع بنگلے کے باہر سے غائب ہوئی۔ بیٹی دن رات بنگلے میں کام کرتی تھی۔
بنگلے کی مالکن نے بتایا کہ رمشا گھر سے 10 ہزار روپے لیکر بھاگ گئی ہے۔ رشتے داروں سمیت دیگر سے معلومات پر کچھ پتہ نہیں لگ سکا۔ بیٹی کس حال میں ہے کچھ پتہ نہیں۔ میری بچی کو بازیاب کرایا جائے۔
پولیس حکام نے عدالت میں پیش رفت رپورٹ جمع کرادی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ایک مشکوک نمبر کا معلوم ہوا ہے، جس سے لڑکی رمشا بات کیا کرتی تھی۔ مشکوک نمبر کا ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے، جلد مل جائے گا۔
جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ بظاہر تو کیس بہت آسان ہے۔ عدالت نے پولیس حکام کو گمشدہ لڑکی کو بازیاب کرانے اور تحیقیقات کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سماعت 10 اپریل تک ملتوی کردی۔