کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے خاتون کو بلیک میل کرکے اجتماعی زیادتی کرنے کے مقدمے میں ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر آئندہ سماعت پر گواہوں کو نوٹسز جاری کردیے۔
کراچی سٹی کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کے روبرو خاتون کو بلیک میل کرکے اجتماعی زیادتی کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان میں انوار سردار اور روبٹ شامل ہیں۔ عدالت نے ملزمان پر فرم جرم عائد کردی۔
ملزمان نے کمرہ عدالت میں صحت جرم سے انکار کردیا۔ عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 3 اپریل تک ملتوی کردی۔
پولیس کے مطابق مدعیہ نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ماموں زاد بھائی روبٹ نے نیند کی گولیاں جوس میں ڈال کر پلائیں۔ نیند میں ملزم روبٹ نے زیادتی کرکے ویڈیو بنائی۔
ملزم روبٹ مجھے ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کرتا رہا اور زنا کرتا رہا۔ ملزم روبٹ مجھے ملزم انور سردار کے پاس لیکر گیا۔ جہاں دونوں ملزمان نے میرے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔
دونوں ملزمان نے عدالت سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر میں درج ہے۔