عمران رانا ثناء اللہ کے ڈر سے چارپائی کے نیچے چھپا بیٹھا: مریم نواز

شیخوپورہ: چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے تنظیمی کنونشن سے خطا ب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولیڈر گرفتاری کے ڈر سے چارپائی کے نیچے چھپ جائے، اسے عمران خان کہتے ہیں، چور اور ڈاکوگرفتاری کے ڈر سے چھپتے ہیں،نواز شریف لندن سے شیروں کی طرح گرفتاری دینے آئے۔

انہوں نے کارکنوں کو ڈنڈے کھانے کیلئے نہیں چھوڑا،جو مشکلات سے ڈر جائے اس کو لیڈر نہیں گیدڑ کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا نواز شریف کے کیس کا فیصلہ سہولت کار پہلے ہی کرچکے تھے، نوازشریف نے کوئی چوری نہیں کی تھی،عمران خان کہتا ہے کہ مریم نواز کو جلسے کرنے کی اجازت ہے ، میں اس کو پوچھتی ہوں کہ تم نےمجھے یہ آزادی پلیٹ میں رکھ کر دی تھی،میں نے تمہارے دورمیں ظلم برداشت کیا،جو تم برداشت نہیں کرسکتے، میں تمہارے دور میں پابندیاں توڑ کر جلسے کرتی تھی،یہ ہمیں کہتے تھے کہ چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے ، آج میں کہتی ہوں کہ اگر تم نے چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے۔

مریم کا کہناتھاکہ عمران خان رانا ثنااللہ سے ڈر کر چھپ کر چارپائی کے نیچے بیٹھا ہے،میں نے کبھی کسی سیاسی لیڈر کو گرفتار ی کے ڈر سے چھپتے نہیں دیکھا۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے خطاب میں کہا ہم عمران خان کے فتنے کو بوتل میں بند کریں گے، یہ ایک فتنہ ہے جو ملک میں افراتفری اور انارکی چاہتا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا عمران خان کو ووٹ سے مائنس نہ کیا تو ملک کو حادثے سے دوچار کرے گا، اس کو ایک پراجیکٹ کے طور پر ملک پر مسلط کیا گیا، اس نے ایک دن بھی ملک و جمہوریت کی سیاست نہیں کی،اپنے گھر کے بیڈ کے نیچے چھپا ہوا ہے، چوہے کی طرح گھر میں بیٹھا ہے اس کو نکالیں گے۔