رمضان کی آمد کے ساتھ ہی گراں فروشوں نے پھلوں کی قیمت اچانک کئی گنا بڑھادی ہے جس کی وجہ سے دیگر چیزوں کے ساتھ پھل بھی افطار کے لیے خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔
منافع خوری کی اس وبا سے پریشان عوام نے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی ہے جو بہت تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔ اکثر افراد نے کہا ہے کہ وہ اس جمعے سے اتوار تک پھل اور میوے نہ خریدیں جس کی باعث پھلوں کی بڑی تعداد پڑے پڑے خراب ہوجائے گی۔
فیس بک اور واٹس ایپ پر چلنے والی اس مہم میں ایک صارف نے کہا ہے کہ صرف تین دن افطاری سے قبل سالن تیار کریں۔ ایک کھجور سے افطار کرنے کے بعد سالن اور روٹی سے روزہ افطار کرلیں اور اس طرح فروٹ کی ضرورت نہیں رہے گی۔ تین دن تک فروٹ کے بائیکاٹ سے گوداموں میں رکھا فروٹ سڑنا شروع ہوجائے گا اور پھر منافع خور تاجر اسے اصل سے بھی سستا فروخت کرنے پر راضی ہوجائیں گے۔

