زمان پارک کراچی میں ہوتا تو گرفتاری ہو چکی ہوتی, فاروق ستار

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے جامعہ کراچی میں اے پی ایم ایس او کے کی جانب سے منعقد کئے گئے پیغام امن کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور نوجوان طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی اور فاتح ٹیموں میں انعامات کی تقسیم کئے۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایم ایس او نے اپنی روایات کو قائم رکھتے ہوئے آج انیس ویں پیغام امن کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب بخوبی احسن انداز میں منعقد کی ہے جس کیلئے جامعہ کراچی کے کارکنان اور ذمہ داران سمیت اے پی ایم ایس او کی مرکزی کمیٹی مبارک باد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے طلبا و طالبات پاکستان کو معاشی و سیاسی بحران سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ہمارے پاس پیشن ہو سکتا ہے, لیکن انوینشن نوجوانوں کے پاس ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمان پارک اگر کراچی میں ہوتا تو گرفتاری کب کی ہوگئی ہوتی،چند لوگوں کی خواہشات کی وجہ سے پورے ملک میں انتشار کی کیفیت ہے ایسا لگتا ہے پورے ملک کو یرغمال بنارکھا ہے اگر اس طرح کے حالات رہے تو لوگ کیسے جئیں گے جب انہیں 2 وقت کی روٹی ہی میسر نہیں ہوگی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر صوبائی حکومت سندھ سپر لیگ کرائیگی تو ہم کراچی سپر لیگ کرائیں گے اور سرکولر ٹرین بھی شروع کریں گے، کراچی کے نوجوانوں کا مرکز ہے جامعہ کراچی اور جیتنے والی دونوں ٹیموں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بروز ہفتہ18 مارچ باغ جناح میں بھی ایک سپر لیگ ہوگی جو کراچی کی سیاسی تاریخ تبدیل کر دے گی،کراچی سمیت پاکستان کی مختلف اکائیوں کو متحد کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ 18 مارچ کو عوام جلسہ میں شرکت کر کے یہ ثابت کر دیں گے کہ کراچی کل بھی ایم کیو ایم پاکستان کا تھا اور آج بھی ایم کیو ایم پاکستان کا ہے اور ایم کیو ایم ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو سندھ اور بالخصوص شہری سندھ کے مسائل کو حل کرسکتی ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ابوبکر صدیق،شکیل احمد اور ارشاد ظفیر موجود تھے۔