کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایکسپوسینٹر میں شاپ رمضان ایکسپو کا افتتاح کردیا ۔ بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ اس شہر کے لئے جو بھی کام کرتے ہیں ان کے پاس پہنچنے کی کوشش کرتا ہوں میں یہ یقین دلاتا ہوں یہ قوم حالات جیسے بھی ہوں ڈٹ کر مقابلہ کرنا جانتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کے رمضان میں تمام حوصلے جواب دے گئے ،یہاں فسٹیول میں پچیس سے چالیس فیصد اشیاءمیں رعایت دی جارہی ہے ،دال چینی آٹے سمیت تمام بنیادی اشیا کا بچت فسٹیول یہاں لگنے جارہا ہے اس ضمن میں گورنر ہاﺅس میں تمام بنیادی اشیا کے مالکان سے ملاقات کرکے انہیں بھی بچت بازار لگانے کے لئے درخواست کروں گا اس وقت پیٹرول دیگر مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا دور دراز خریداری کے لئے جانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ الیکشن بہت ہوئے مگر آج بھی ضرورت عوام کے مسائل اور حالات بدلنے کی ہے میرا سوال ہے کہ کیا لوگوں کو ایک کروڑ نوکریاں پچاس لاکھ گھر مل گئے ہیں ،اللہ کا خوف کریں ،آج بھارت دشمن ملک ہمارے آپس میں لڑنے پر ہنس رہا ہے یہ وقت جگ ہنسائی کروانے کا نہیں ،اس وقت پاکستان کو بچانے کی ضرورت ہے اس ضمن میں سب کو مل کر ملک کو مستحکم کرنے کی کوششیں کرنا ہوں گی ۔
رمضان المبارک میں بچت بازار کے حوالے سے پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ کمشنر صاحب اچھے آدمی ہیں،کمشنر بھی بچت بازار لگانے کے لئے کوشاں ہیں۔
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے آرٹس کونسل ضلع وسطی کا افتتاح کردیا ۔ تقریب میں سابق شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی، محمد احمد شاہ، خواجہ اظہار الحسن، منور سعید، پروفیسر اعجاز فاروقی اور ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طحہ سلیم بھی موجود تھے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان شاندار پلیٹ فارم ہے، اس پلیٹ فارم سے فنکاروں کو بھرپور موقع حاصل ہورہے ہیں اور نوجوان نسل کو مختلف صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کا بھرپور موقع حاصل ہورہا ہے۔
گورنرسندھ نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان نے مشکل حالات میں بھی شہر کی رونقوں کو ماند نہیں پڑنے دیا، شہر میں نئے ٹیلنٹ کی دریافت میں بھی اس ادارے کا کوئی ثانی نہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں آرٹس کونسل کی خدمات قابل ستائش رہی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ضلع اور اس کے ارد گرد کے مکینوں کے لئے آرٹس کونسل ایک شاندار تحفہ ہے، آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ اور ان کی ٹیم مبارک باد کے مستحق ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ضلعی سطح پر آرٹس کونسل کے قیام سے آرٹس کونسل کی سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہو گا، ایک صحت مند معاشرے کے لئے آرٹس کی سرگرمیاں انتہائی ناگزیر ہو ا کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع وسطی ادیبوں اور شاعروں کا مرکز ہے،ضلع سطح میں آرٹس کونسل کی شاخوں کا قیام نہایت خوش آئند ہے،سابق شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی،محمد احمد شاہ،خواجہ اظہار الحسن اور ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔