کراچی:صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی خراب حکمرانی کے خلاف اور صوبے کی سیاسی،سماجی اور معاشی بحالی کےلئے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے 15 فروری کو سکھر سے شروع ہونے والا پیدل مارچ کراچی پہنچ کرختم ہوگیا۔
مارچ کے اختتام پر منعقدہ جلسے میں مختلف قراردادیں منظورکی گئیں جن میں مطالبہ کیا گیا کہ نااہل، کرپٹ اور سندھ دشمن جماعت پیپلزپارٹی کی سندھ میں 2008 سے اب تک کی مالی اور انتظامی بدعنوانیوں کے جرم میں سندھ حکومت کو برطرف کر کے سخت احتساب کیا جائے۔
سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور جی ڈی اے کے رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں کی گئی مالی اور انتظامی بدعنوانی کی تحقیقات کے لئیے اچھی ساکھ کے حامل ریٹائرڈ ججز پر مشتمل ایک احتساب کمیشن تشکیل دیا جائے۔ملک کے اندر موجودہ سیاسی اور ریاستی بحران کے خاتمے کے لیے بایو میٹرک اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے عدلیہ کی نگرانی میں جلد از جلد عام انتخابات کرائے جائیں۔ 2017 کی مردم شماری کو قبول کیا جائے اور 2027 میں آئین کے مطابق نئی مردم شماری کرائی جائے۔
جلال محمود شاہ،زین شاہ،اسماعیل راشدی، صفدر عباسی، سردار رحیم، روشن علی بڑڑو، خواجہ نوید ودیگر نے کراچی میں گورنرہاؤس کے قریب فوارہ چوک پرپیدل سندھ مارچ کے اختتام پرشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو فوری طور پر برطرف کیا جائے۔کرپٹ سندھ حکومت کا کڑا احتساب کیا جائے۔ملک میں عدلیہ کی نگرانی میں فوری شفاف انتخابات کرائیں جائیں۔ہم ڈیجیٹل مردم شماری کو نہیں مانتے۔
ایس یو پی کے صدر زین شاہ نے کہا کہ 2008 سے پیپلز پارٹی بیرونی ایجنٹ کا کردار ادا کرتے ہوئے صرف اپنے اقتدار اور پیسے کی خاطر سندھ کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر ظلم اور بدنتظامی کے ذریعے تباہ کر رہی ہے۔پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ہر سال سندھ کے خزانے سے 600 سے 800 ارب روپے کی کرپشن کر رہی ہے، ساحلی پٹی، زمینوں کو پیپلزپارٹی نے کوڑیوں کے دام پر بیچ دیا۔
ہرادارے میں قابلیت اور ایمانداری کی بجائے رشوت اور اقربا پروری کا بازار گرم ہے۔عوام کواہلیت، محنت اور عزت کی زندگی گزارنے کے بجائے مفت خوری، حرام خوری اور بے ایمانی کے رستے پر چلانے کی وجہ سے اخلاقیات اور معاشرتی اقدار بڑی حد تک ختم ہو چکی ہیں۔دانستہ سیلاب کی ذریعے سندھ کی لاکھوں ایکڑ اراضی تباہ کی گئی۔
ڈی اے کے رہنماء صفدر عباسی نے کہا کہ آج پہلا پھتر پھینکا ہے سندھ میں شعور ضرور آئے گا،پندرھ سال سے سندھ معاشی اور سیاسی تباہی کا شکار ہے۔ اسماعیل شاہ راشدی نے کہا کہ سیلاب کی رقم حکمران کھا گئے اس کا احتساب ہونا چاہیے ۔
فنکشنل لیگ کے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ جب تک زرداری مافیا قابض رہیگا عوام اس طرح بے سکون رہیگی،آج زرداری مافیا کی وجہ سے سندھ کے لوگ بھوک سے مررہے ہیں۔