Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the wordpress-seo domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6114
فوری انصاف کیلئے تمام ادارے ملکر کام کریں : صدر علوی |

فوری انصاف کیلئے تمام ادارے ملکر کام کریں : صدر علوی

کراچی،سکھر : صدر مملكت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے تمام اداروں کو ملکر کام کرنا ہوگا، انصاف کرنا بہت بڑی نیکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انهوں نے سکھر میں وفاقی محتسب انشورنس ریجنل آفس سکھر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر نے کہا لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے اس ادارے نے قابل ستائش کردار ادا کیا ہے،بینکنگ صارفین کے مسائل ہوں یا ملکی مسائل، ان کے فوری حل اور بروقت فیصلوں سے ہی لوگوں کی شکایات کا ازالہ ہوگا۔

صدر نے کہا اگر ہم ایگری کلچر انشورنس پر توجہ دیتے توحالیہ سیلاب کی وجہ سے کسانوں اور زمینداروں کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کر سکتے تھے ، ملک کے تمام سیکٹرز میں انشورنس کے رجحان کو بڑھانا ہوگا۔قبل ازیں صدر مملكت اپنی اہلیہ ثمینہ علوی کے ساتھ منگل کو ایک روزہ دورے پر سکھر پہنچے۔

وه سکھر ایئر پورٹ سے آئی بی اے یونیورسٹی آئے جہاں انهوں نے وفاقی انشورنس محتسب ریجنل آفس سکھر کا افتتاح کیا۔وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے صدر مملكت کا استقبال کیا۔ بعد ازاں صدر عارف علوی نے کراچی میں پاکستان ایئر فورس ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ کی سینٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تازہ ترین رجحانات اور پیشرفت سے ہم آہنگ رہنے کے لیے تیز تر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا جامعات تعلیم اور تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنائیں، خاص طور پر آئی ٹی کے شعبے میں اعلیٰ معیار اور ہنر مند گریجویٹس تیار کریں ،جامعات آن لائن اور ہائبرڈ ذریعہ تعلیم کی مدد سے زیادہ تعداد میں گریجویٹ پیدا کریں، سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان کو اپنے انسانی وسائل کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو 22 ملین سکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں لانے، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں کی شرح کو بھی بہتر بنانا ہوگا، پاکستان میں صرف 9 فیصد طلبا ایف ایس سی کے بعد جامعات میں داخلے حاصل کرتے ہیں ، پاکستان ہر سال آئی ٹی اور متعلقہ شعبوں میں صرف 35000 گریجویٹس پیدا کرتا ہے ،صرف 35 ہزار آئی ٹی گریجوایٹس مارکیٹ کی ضروریات پورا کرنے کیلئے ناکافی ہیں ۔

صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں تقریباً 70,000 طلباء ایف ایس سی کا امتحان پاس کرتے ہیں،نشستوں کی کمی اور محدود وسائل کی وجہ سے صرف 8000 طلبا ہی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔