کراچی: ٹیم کراچی کے زیرِ انتظام 1300 مستحق خاندانوں میں رمضان کی آمد سے قبل راشن تقسیم کردیا گیا۔
ٹیم کراچی ہر سال کی طرح اس سال بھی 10 ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ٹیم کراچی ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری طاہر فاروقی نے کہا کہ ٹیم کراچی ہر سال کی طرح اس سال بھی آمد رمضان پر مستحقین میں راشن تقسیم کررہی ہے، اس پلیٹ فارم کے تحت راشن کی تقسیم کے ساتھ روزگار بھی فراہم کیا جارہا ہے تاکہ لوگ معاشی مشکلات کا مقابلہ خود کرسکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کراچی 2009 سے فلاحی کاموں میں مصروف ہے جس کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے، ہم مردوں کے ساتھ خواتین کو معاشرے کا متحرک فرد بنا رہے ہیں، اس سلسلے میں اب تک تقریباً ایک ہزار مرد و خواتین کو سلائی ہنر اور آئی ٹی کی تعلیم کے ساتھ سرٹیفکیٹ بھی دیے جاچکے ہیں۔
اس موقع ٹیم کراچی کے نائب صدر ذیشان الرّب جعفری نے کہا کہ کراچی کے بعد اندرون سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں بھی راشن تقسیم کیا جائے گا۔
یہ سلسلہ عید تک جاری رہے گا تاکہ غریب عوام کی دادرسی کی جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کراچی ویلفیئر سوسائٹی ایک رجسٹرڈ مستند ادارہ ہے جہاں شرعی اصولوں کے مطابق زکوہ و صدقات و عطیات کو خرچ کرنے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔