کراچی : بجلی اور گیس کی بندش کے خلاف لیاری کے مکینوں نےرکن سندھ اسمبلی و امیر جماعت اسلامی سید عبدالرشید کی قیادت میں ماڑی پورروڈ پراحتجاجی دھرنا دیا دھرنے سے ماڑی پور روڈ کے دونوں ٹریک بند ہوگئے اورٹریفک جام ہوگیا۔
رکن سندھ اسمبلی و امیر جماعت اسلامی سید عبدالرشید کا کہنا تھا کے الیکٹرک انتظامیہ کہتی ہے آپ کا پی ایم ٹی لوڈ شیڈنگ فری کر دیتے ہیں خاموش ہو جاؤ، میں لعنت بھیجتا ہوں ایسی بجلی پر جس میں میرے بچے عیاشی کریں اور لیاری والے لوڈشیڈنگ میں رہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیاری کے مختلف علاقوں کی بجلی گیس اورپانی بند کرکے انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،سندھ کی حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگ بجلی اورپانی بند کررہے ہیں،گیس کی سپلائی بند کردی گئی ہے،لیاری کے عوام کوسندھ کی حکمران جماعت کی مخالفت کی سزادی جارہی ہے۔
دھرنے کے شرکاء نے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کی امامت میں ماڑی پوری روڈ پر نماز مغرب ادا کی۔ دھرنے کے باعث ماڑی پورروڈ سے آئی سی آئی پل تک ٹریفک جام ہوگیا۔بدترین ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں کا فیول ختم ہوگیا جبکہ نیٹی جیٹی پل کے قریب ٹریفک جام میں پھنسی گاڑی مالکان سے بعض افراد نے لوٹ مارشروع کردی اورٹریفک جام میں پھنسے لوگوں کوقیمتی اشیا نقدی سے محروم کردیا۔
بعد ازاں بجلی پانی اورگیس کی بندش کے خلاف ماڑی پورروڈ پراحتجاج ختم کردیا گیا ہے اورمظاہرین نے ونگ کمانڈر اور ڈپٹی کمشنر کی یقین دہانی پراحتجاج ایک روز کے لیے مؤخرکردیا ہے۔
رکن سندھ اسمبلی اورجماعت اسلامی کے رہنما سید عبدالرشید کا کہنا ہے کہ ونگ کمانڈراورڈپٹی کمشنرنے ایک دن کی مہلت مانگی ہے کہ آپ موقع دیں ہم ایک دن میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول لا کر دیں گے۔انہوں نے کہاکہ جمعرات تک اگر چھ گھنٹے کا شیڈیول نہ دیا گیا تو جمعہ کے دن تمام مساجد کے سامنے مظاہرے کے ساتھ لیاری کی تمام شاہراہیں بند ہونگی۔
سید عبدالرشید نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہفتہ کے دن تک اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو دوبارہ ماڑی پور روڈ بند کردونگا آج انتظامیہ نے عوام کی طاقت دیکھ لی ہوگی،عوامی طاقت سے بڑی طاقت کوئی نہیں عوام کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے اور انتظامیہ کی یقین دہانی پریہ دھرنا موخر کررہے ہیں۔