کراچی : پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کا روشن مستقبل آئین کی پاسداری، پارلیمانی جمہوری نظام میں پنہاں ہے، چند لوگ آئین وقانون روند کر دو پاکستان بنانے پر تلے ہیں، ان کے خلاف مزاحمت کرینگے۔
یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے عوام کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج 22 کروڑ پاکستانی نفرت، جھوٹ، تقسیم کی سیاست جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پُرعزم ہیں، عوام آئین و پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری استحکام کیلئے پرعزم ہیں، جھوٹ، نفرت، تقسیم کی سیاست، خود کو آئین سے ماورا سمجھنے والی سوچ سے ملک کو خطرہ ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کا روشن مستقبل آئین کی پاسداری، پارلیمانی جمہوری نظام میں پنہاں ہے، آئین وقانون روند کر دو پاکستان بنانے پر تلے ہیں، پی پی پی ان کے خلاف مزاحمت کریگی، تقسیم کی سیاست اور آئین سے ماوراء سمجھنے والی سوچ سے بھی پاکستان کو اتنا ہی خطرہ ہے، جتنا انتہا پسندی اور دہشتگردی سے ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بے مثال جمہوری جدوجہد اور ووٹ کی طاقت سے دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا تھا، پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے پی پی پی قیادت، کارکنان کی خدمات و قربانیاں طویل و بے مثال ہیں، قائدِ عوام شہید ذولفقار علی بھٹو نے ملک کو پہلا متفقہ آئین، معاشی اصلاحات اور جوہری پروگرام جیسے تحفے دیے، شہید بینظیر بھٹو نے جمہوریت کے لیے طویل جدوجہد کی اور میزائیل ٹیکنالوجی دی۔