کراچی : رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لاسی گوٹھ سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان زوہیب عرف زیب بولیدی(گروہ سرغنہ)،عمران علی جمالی اورشہروز بولیدی کو گر فتار کر لیا۔
ملزمان کے قبضے سے چھینے ہوئے موبائل فونز اورپرس بھی برآمد کر لیے گئے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیاہے۔
ملزم زو ہیب عرف زیب بولیدی (گروہ سرغنہ) نہ صرف خود ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے بلکہ اپنے ڈکیت گروہ کو بینک سے نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے کے لیے تربیت بھی فراہم کرتاتھا۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتارملزمان کو بمعہ برآمد شدہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔