وائرل تصویر ” تھری ایڈیٹس ” کا سیکوئل کی تیاری یا ایپ ’ڈریم 11‘ کا اشتہار؟ گتھی سلجھ گئی

ممبئی : فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے اداکاروں کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نئی تصویر کی حقیقت سامنے آ گئی۔بھارتی فلم تھری ایڈیٹس کے اداکاروں عامر خان، مادھون اور شرمن جوشی کی سوشل میڈیا پر وائرل تصویر کو دیکھ کر کرینہ کپور، بمن ایرانی، جاوید جعفری اور فلم کے دیگر اداکاروں نے اپنے آفیشل اکاؤنٹس پر تشویش کا اظہار کیا تھا کہ شاید یہ تینوں باقی ٹیم کو بتائے بغیر فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اب کرینہ کپور، بمن ایرانی، جاوید جعفری اور فلم کے دیگر اداکاروں نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹس پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں سارا ماجرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔

دراصل، یہ تصویر ایک بھارتی فینٹیسی اسپورٹس ایپ ’ڈریم 11‘ کے اشتہار سے وائرل ہوئی، جس میں عامر خان، آر مادھون اور شرمن جوشی کو دلچسپ انداز میں بھارت کی اس نئی فینٹیسی اسپورٹس ایپ کا پروموشن کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بمن ایرانی نے اس ویڈیو پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان لوگوں نے مجھے بیوقوف نہیں بنایا لیکن دیکھنا یہ میچ یک طرفہ ہو گا، اگر اداکاروں کی ٹیم جیت گئی تو میں اپنی مونچھیں کٹوا دوں گا۔