کراچی: صوبائی وزیر بلدیات ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ و پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں 400 سے زائد چھوٹی بڑی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے بعد شہری عوام کو بڑا ریلیف حاصل ہوگا اور اسطرح سندھ حکومت کے عوام سے وعدوں کی تکمیل بھی ہوسکے گی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج کراچی کے مختلف علاقوں کےطویل دورے کے موقع پر کیا۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری بلدیات نجم احمد شاہ، پیپلز پارٹی ضلع کیماڑی کے صدر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی لیاقت آسکانی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران اور پیپلز پارٹی کے عہدیداران بھی تھے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ کراچی میں جاری میگا ترقیاتی منصوبے معیار کے ساتھ اپنے مقررہ وقت پر مکمل کرلئے جائیں گے۔ ناصر شاہ نے مچھلی چوک ہاکس بے سے لے کر کینپ تک حال ہی میں تعمیر ہونے والی سڑک اور برساتی نالے کا دورہ کیا ۔ اس کے علاوہ جنکشن سے گلبائی چوک تک سڑک کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا۔
بعد ازاں ناصر شاہ نے لیاری ندی کے علاقے کا دورہ بھی کیا اور افسران کو ضروری ہدایات بھی دیں۔