کراچی: کراچی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پرریلوے کے لوکوشیڈملازمین کے احتجاج اورکام چھوڑہڑتال کے باعث کراچی سے اندرون ملک لاہور،روالپنڈی روانہ ہونے والی مسافرٹرینیں 6 گھنٹے تاخیرکا شکارہوگئیں۔لوکوشیڈملازمین کا کہنا تھاکہ ماہ فروری کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے رمضان المبارک میں ملازمین مشکلات سے دوچارہیں۔
تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اندرون ملک روانہ ہونے والی ٹرینوں کے لیے لوکو شیڈ ملازمین نے انجن تیارنہیں کیے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی اندرون ملک روانگی میں 6 گھنٹے سے زائد تاخیرہوئی۔
41 اپ قراقرم ایکسپریس ، 9 اپ علامہ اقبال ایکسپریس،17 اپ ملت ایکسپریس،7اپ تیزگام،37 اپ فرید ایکپسریس سمیت کئی مسافر ٹرینیں شام 7 بجے کے بعد کراچی سے روانہ ہوئیں۔
لوکوشیڈملازمین کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ قبل مذاکرات میں آج تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن ماہ فروری کی تنخواہوں کی 27 مارچ کوادائیگی نہیں کی گئی جس پراحتجاج پرمجبورہوئے۔
ریلوے کی دیگرمختلف یونینز نے لوکو شیڈملازمین کے احتجاج کی حمایت کی ہے۔ ڈی ایس کراچی اطہرریاض نے کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پرلوکو شیڈ ملازمین سے مذکرات کیے اوراستدعا کی کہ مسافروں کی مشکلات کا خیال کرتے ہوئے ٹرینوں کی روانگی یقینی بنائی جائے جلد تنخواہوں کی ادائیگی کردی جائے گی جس کے بعد لوکوشیڈ سے ٹرین انجن اسٹیشن کے لیے روانہ کیے گئے اورمسافرٹرینوں کی افطارکے بعد کراچی سے اندرون ملک روانگی ممکن ہوسکی بڑی تعداد میں مسافروں کوٹرینوں کی روانگی کے انتظارمیں روزہ کراچی کینٹ اسٹیشن اورسٹی اسٹیشن پرکھولنا پڑا۔