کراچی: سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ دو اسمبلیوں کا الیکشن ہو پھر نیشنل اسمبلی کا الیکشن ہو تو ملک میں کیا ماحول ہو گا؟ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے جائزے کے دوران ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کی عوام کی سہولت کیلئے کام کرتے رہیں گے، پورے سندھ میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے اس کو روکنا ہے، ریٹ لسٹ پرعمل کرانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں، گراں فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع ہو چکا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور ملک کی تباہی میں پی ٹی آئی کا بڑا کردار ہے، دوست ممالک سے جو رویہ عمران خان نے رکھا اسکی وجہ سے مشکلات ہوئیں، آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نے کیا، عمران خان آج بھی انتشار کی سیاست کر رہا ہے، وہ ملک کو تباہی کی طرف لیکر گیا پہلی حکومت تھی جو تحریک عدم سے ختم ہوئی، عمران خان نے غیر قانونی طریقے سے اسمبلی تحلیل کی، صدر مملکت بڑے خط لکھ رہے ہیں۔
ان کا کہناتھاکہ ملک میں انتشار پیدا کرنے کیلئے دو اسمبلیاں تحلیل کیں، ذاتی انا اور ضد کی وجہ سے اقدام کیا گیا۔