کراچی: کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی اس موقع پر زونل ڈی آئی جیز،ڈی آئی جی سی آئی اے ، ضلعی ایس ایس پیز ، ایس ایس پیز انویسٹیگیشن و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ، اجلاس کے دوران تینوں زونل ڈی آئی جیز نے اپنے اپنے زونز کی کارکردگی سے متعلق کراچی پولیس چیف کا بریفنگ دی ۔
اس موقع پر کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے جرائم کی صورتحال ، مفرور اور اشتہاری ملزمان کے خلاف پولیس کارروائیوں پر بھی غور کیا اور انسداد اسٹریٹ کرائم سمیت منشیات ، جوئے ، گٹکے اور دیگر سماجی برائیوں کے اڈوں اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور کامیاب ایکشن کیلئے مربوط اور ٹھوس حکمت عملی تیار کرنے کے احکا م جاری کیے ۔
ترجمان کے مطابق کراچی پولیس چیف نے شہر میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی چوری سمیت اغوا برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں جبکہ انھوں نے رمضان المبارک میں مساجد ، امام بارگاہوں ، دینی اجتماعات ، تراویح اور سحر و افطار کی اوقات میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے اور پولیس پیٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت بھی جاری کی ۔
کراچی پولیس چیف نے زونل ڈی آئی چیز کو انسپکشن ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات کی جو کہ شہر میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیں اور رپورٹ مرتب کر کے افسران بالا کو پیش کرے ، پولیس چیف نے مردم شماری کے عملے اور شہر میں لگے بچت بازاروں اور مارکیٹوں کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے پر زور دیا ۔
اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن دستیاب وسائل اور ذرائع استعمال کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہیں ۔
بڑھتے ہوئے جرائم پر کنٹرول کے لئے سخت اقدامات کیے جائیں، کراچی پولیس چیف
