ریاض : وزارت مذہبی امور نے اسپانسر شپ حج اسکیم میں درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کردیا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اسپانسرشپ حج اسکیم میں درخواستوں کی وصولی میں ایک ہفتہ توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ریگولر حج اسکیم میں درخواستوں کی وصولی میں 2 اپریل تک توسیع کی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی وصولی میں توسیع کا فیصلہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رقوم بھجوانے میں پیش آنے والی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سمندر پار پاکستانی 9 اپریل تک اسپانسرشپ حج اسکیم میں رقوم بھجوا سکیں گے، یہ رقوم وزارت مذہبی امور کے ڈالر اکاونٹ میں بذریعہ ٹی ٹی یا وائر ٹرانسفر بھجوانا ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ رقوم کی تصدیق اور پراسس کیلئے درخواست گزار یا قریبی عزیز بینک سے رابطہ رکھیں، حج درخواست گزار مزید معلومات اور پراسس کیلئے نامزد بینکوں سے رجوع کریں۔نامزد بینک ہفتہ اور اتوار کو حج درخواستوں کی وصولی کے لئے کھلے رہیں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اسپانسرشپ حج اسکیم کے درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی کامیاب قراردیا جائیگا۔