Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the wordpress-seo domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6114
جامعہ کراچی: ایریا اسٹڈی سینٹر فار یورپ میں ساڑھے 6 برس بعد ڈائریکٹر کا تقرر |

جامعہ کراچی: ایریا اسٹڈی سینٹر فار یورپ میں ساڑھے 6 برس بعد ڈائریکٹر کا تقرر

کراچی : جامعہ کراچی کے ایریا اسٹڈی سینٹر فار یورپ میں ساڑھے 6 برس بعد ڈائریکٹر کا تقرر کر دیا گیا ہے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی ہدایت پر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ شجاعت کو ڈائریکٹر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عظمیٰ شجاعت نے ڈین آف سوشل سائنسز اور آرٹس ڈاکٹر نصرت ادریس سے عہدے کا چارج لیا۔
ساڑھے 6 برس سے پروفیسر نہ ہونے کے باعث ایریا اسٹڈی سینٹر فار یورپ کے عہدے کا چارج ڈین کے پاس تھا۔ ایریا اسٹڈی سینٹر فار یورپ 1974 میں ایک ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے جامعہ کراچی اور پاکستان کی دیگر پانچ بڑی جامعات میں قائم کیا گیا تھا۔
اس کے قیام کا مقصد M.S/Ph.D کی سطح پر تحقیق کرنا ہے۔ یہ سینٹر عصری یورپی مسائل اور متعلقہ موضوعات پر مضامین کے ساتھ دو سالانہ جرنل آف یورپین اسٹڈیز بھی شائع کرتا ہے اور اب اپنی تحقیق کو یورپی یونین، اس کی سیاست، قانون، مسابقت کی پالیسی، اقتصادیات اور بیرونی تعلقات پر مرکوز کر رہا ہے۔یورپی سلامتی، مشترکہ خارجہ اور سلامتی کی پالیسی، یورپ پاکستان تعلقات، یورپ اور مسلم دنیا اور ترقی پذیر دنیا کے ساتھ یورپ کے تعلقات بھی سینٹر میں تحقیق اور تدریس کے مضامین میں شامل ہیں۔
چونکہ ایریا اسٹڈی سینٹرز کے قیام کا ایک مقصد ملک میں پالیسی سازوں کو فیڈ بیک فراہم کرنا تھا، اس لیے سینٹر کو دفتر خارجہ اور حکومت پاکستان کے دیگر اداروں سے تحقیقی تجاویز اور اسائنمنٹس بھی موصول ہوتے ہیں۔ یہ مرکز سرٹیفکیٹ کی سطح پر فرانسیسی، جرمن، اطالوی اور انگریزی زبانوں میں کورسز اور فرانسیسی زبان میں ڈپلومہ بھی کراتا ہے۔