کراچی : ایف بی آر اور ایف آئی اے نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی عمران منیار کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔ عمران منیار کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹس میں امریکا میں جائیداد کو ٹیکس ریٹرن اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ظاہر نہ کرنے کی وضاحث مانگ لی گئی ہے۔ایم ڈی عمران منیار کی 62 کروڑ روپے کی 12جائدادیں امریکا کے مختلف شہروں میں ہیں ۔
ایف آئی اے کراچی نے ایم ڈی عمران منیار اور ایس ایس جی سی کے سینئر افسران کو مبینہ طور پرکمپنی کے مختلف افسران کے اے سی آر اور مختلف دستاویزات میں جعلسازی اور ردوبدل کرنے کے حوالے سے نوٹس جاری کیا۔ایف آئی اے نے انکوائری کے لیے تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
ایس ایس جی سی کے مختلف افسران نے ایف آئی اے کو ایم ڈی عمران منیار اور سینئر افسران کے خلاف شکایت کی تھی۔ایم ڈی نے بددیانتی کی نیت سے ان افسران کی کارکردگی کو نقصان پہنچانے کے غرض سے سروس ریکارڈ میں ردوبدل کی ہے۔
ایس ایس جی سی انتظامیہ نے ایف آئی اے اور ایف بی آر سے مہلت طلب کرتے ہوئے ریکارڈ 3 اپریل کو مہیا کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا ہے کہ تحقیقات کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا , ایف بی آر کا نوٹس موصول ہوا ہے, قانونی ٹیم اس پر جواب دے گی ۔