کوئٹہ: بلوچستان میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں متاثرہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی آئی خان روڈ پر دانہ سر اور مانیخوا کے درمیان بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے چند مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔
زرائع کے مطابق بڑی تعداد میں بسیں اور چھوٹی گاڑیاں پھنس گئی ہیں، علاقے سے متعدد ریسکیو کالز موصول ہونے پر کوئیک رسپانس دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ ایم ای آر سی بادینزئی اور مانیخوا رسپانس ٹیمیں متاثرہ مقام پر روانہ کر دی گئی ہیں اور اسلام آباد، پشاور، سوات سے مسافر ٹرانسپورٹ کو خیبر پختونخوا کی حدود میں روک دیا گیا ہے۔
ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک کے پی اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک کو معطل کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی پہاڑوں پر بھی طوفانی بارش سے دونوں صوبوں کے بارڈر ایریاز میں سیلابی صورتِ حال ہے۔
بلوچستان : کوہ سلیمان میں شدید بارش سے لینڈ سلائیڈنگ، متعدد افراد زخمی ، ٹریفک کا نظام معطل
