عوام اب پی پی،ایم کیوایم سازش میں نہیں آئیں گے،حافظ نعیم

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ملتوی شدہ 11بلدیاتی نشستوں کےانتخابات میں بھرپور حصہ لے کر ایسی تمام جماعتوں کو مسترد کردیں جنہوں نے کراچی کے عوام کااستحصال کیا، 15جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں پر اعتراض کی وجہ سے انتخابات میں حصہ لینے سے بائیکاٹ کیا تھا،یہ اب خالی نشستوں کے انتخابات میں حصہ لے کر پیپلزپارٹی کو سپورٹ کرنا چاہتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کورنگی کے تحت کورنگی نمبر 6 پرعوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام اب بیدار ہوچکے ہیں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کی سازشوں میں نہیں آئیں گے،جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جس نے یوسیز اور وارڈز کی سطح پر سب سے زیادہ ووٹ حاصل لیے ہیں،ملتوی شدہ نشستوں میں بھی ہم ہی جیتیں گے۔پیپلزپارٹی خالی نشستوں سے فرار کا راستہ اختیار نہ کرے اور وہ جان لے کہ کراچی میئر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ پیپلز پارٹی 15 سال سے سندھ میں حکومت کررہی ہے،ان کی کارکردگی اس قابل نہیں کہ کراچی میں میئر ان کا آسکے۔ بلاول بھٹو زرداری بھی سن لیں مئیر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔
ان کاکہناتھاکہ اب عوام کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے،کراچی کے شہری ایسی تمام جماعتوں کو مسترد کردیں جو صرف پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے اور جماعت اسلامی کا راستہ روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔