کراچی: پیپلزپارٹی نے پارٹی رہنما نبیل گبول کو جنسی زیادتی پر انتہائی نازیبا گفتگو کے باعث شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے بیان کی سختی سے مذمت بھی کی ہے۔
نبیل گبول کو ایک انٹرویو کے دوران جنسی زیادتی جیسے حساس معاملے پر انتہائی نامناسب گفتگو کے باعث پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے شوکاز نوٹس جاری کیاہے۔
اپنے نامناسب بیان پر نبیل گبول کو 3 روز کے اندر وضاحت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نامناسب بات چیت اور غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال پی پی پی کی پالیسی سے مطابقت نہیں رکھتا۔
نبیل گبول کے بیان پر سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری، مصنفہ فاطمہ بھٹو، معروف وکیل نگہت داد اور دیگر نے سختی سے مذمت کی ہے۔
پارٹی رہنماؤں نے نبیل گبول کے بیان کو گھناؤنا اور قابلِ نفرت بھی قرار دیا۔ واضح رہے کہ انٹرویو کے دوران نبیل گبول سے میزبان نے سوال پوچھا کہ جب ضرورت ختم ہوجائے تو آپریشن شروع ہوجاتے ہیں؟۔میزبان نے کہا کہ ہم سیاستدانوں کو برا بھلا کہا جاتا ہے، ہم نے مشرف کے دور میں دیکھا کہ جن لوگوں کو پناہ دی گئی، ان کے خلاف آپریشن شروع ہوگیا۔ نہ آواز اٹھی، نہ مظاہرے کیے گئے۔