کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے این اے 239 کے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حیران کن فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کراچی میں 18 اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن جبکہ 30 اپریل کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
طویل مشاورت اور آرا کے مطابق ایم کیو ایم نے کراچی کے ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا اور اپنے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت کردی۔
ایم کیو ایم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک سنگین مسائل سے دوچار ہے، سب کو ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنے کی ضرورت ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم نے واضح کیا کہ ہماری نظریں عام انتخابات کی طرف ہیں اُس پر بھرپور محنت جاری ہے۔
اس سے قبل یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ جب ایم کیو ایم نے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا تو رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا اور اُن کا ماننا تھا کہ انتخابات میں حصہ لینے سے بلدیاتی الیکشن میں بائیکاٹ کا مقصد ختم ہوجائے گا جس سے سیاسی طور پر بھی نقصان پہنچے گا۔
ایم کیو ایم کا ضمنی اور بلدیاتی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ
