کراچی: الخدمت کراچی کے”آرفن کیئر پروگرام“کے تحت مقامی شاپنگ مال میں 1700سے زائد”باہمت یتیم بچوں“ کو عید الفطر کے سلسلہ میں شاپنگ کروائی جارہی ہے۔
بدھ 15رمضان المبارک کو یوم یتامیٰ کی مناسبت سے شاپنگ کے تیسرے روز امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے شاپنگ مال کادورہ کیا اوروہاں موجود باہمت یتیم بچوں سے ملاقات کی اور ان سے خریداری سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ بچوں او ر ان کی ماؤں نے دوران شاپنگ پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت ملک بھر میں 22 ہزار یتیم بچوں کی ان کے گھروں پرماہانہ بنیاد پر کفالت کررہی ہے، ہم نے یتیم خانے کے تصور کو تبدیل کر دیا ہے۔
کراچی سمیت ملک بھر میں 20 آغوش ہومز قائم ہیں، جہاں یتیم بچوں کو بورڈنگ طرز کی تمام سہولتیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ کراچی میں گلشن معمار میں آغوش ہوم قائم ہے، جہاں ان بچوں کو معیاری تعلیم، کھانے پینے، صحت اور کھیل کود کے ساتھ سیرو تفریح کی بھی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین، ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
الخدمت اپنے زیر کفالت ”باہمت یتیم بچوں“ کو محض رجسٹرڈ کر کے چھوڑ نہیں دیتی ان کی مانیٹرنگ بھی کی جاتی ہے کہ الخدمت جس بچے کی کفالت کر رہی ہے آیا اس نے تعلیم چھوڑ تو نہیں دی ہے۔ عید شاپنگ کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا اس دوران 1700 سے زائد بچوں کو عید الفطر کیلئے شاپنگ کروائی جا رہی ہے اور ہر بچے کو 5000 روپے کا واؤچر دیا گیا ہے جس سے یہ بچے یہاں آزادانہ ماحول سے اپنی ماؤں کے ہمراہ شاپنگ کر رہے ہیں۔
الخدمت کے رضا کار بچوں کی خریداری میں معاونت کیلئے یہاں موجود ہیں۔ ان بچوں کو شاپنگ کروانے کا مقصد انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے تاکہ یہ احساس محرومی کا شکار نہ ہوں۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ الخدمت ان بچوں کو میڈیکل کی سہولتیں بھی فراہم کر تی ہے اور ان کی صحت کا خیال رکھا جاتا ہے۔ ہم وہ کام کر رہے ہیں جو ریاست کی ذمہ داری ہے۔ یتیموں کی کفالت سنت رسولؐ ہے اور آخرت میں جنت کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاپنگ مال نے بھی الخدمت کے ساتھ ان بچوں کو خریداری میں رعایت دی ہے۔
انہوں نے اہل خیر سے کہا کہ وہ الخدمت کے اس منصوبے میں اس کا بھرپور ساتھ دیں۔ یونس خان نے کہا کہ انہیں یتیم بچوں کے لیے الخدمت کی یہ کاوش دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے اور حیرت بھی کہ الخدمت اتنا بڑ ا کام کر رہی ہے اور ایک چھت کے نیچے اپنے زیر کفالت رجسٹرڈ بچوں کو جمع کرتی ہے اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کرتی ہے۔ یہاں بچے بڑی آزادی اور خوشی کے ساتھ عید کی شاپنگ کر رہے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا اور تمام طبقات کا شہر ہے۔”یوم یتامیٰ“ کی مناسبت سے اپیل کرتا ہوں کہ لوگ الخدمت سے تعاون کریں۔