یوم شہادت علی کرم اللہ وجہہ کے حوالے سے اہم اجلاس

کرا چی:کراچی میں 21 رمضان شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے مو قع پر منعقد ہونے والے مجالس عزا اور جلوسوں کی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال صفائی ستھرائی کے انتظامات اور دیگر انتظامات سے متعلق ڈپٹی کمشنر سائوتھ کمپلیکس میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔
اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی کیپٹن ریٹائرڈ محمد سعید لغاری نے کی۔اجلاس میں شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات، امام بارگاہوں پر روشنی کے انتظامات ، امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع جنوبی میں متعدد امام بارگاہیں موجود ہیں جن میں مجالس عزا کا انعقاد ہوتا ہے اس کے علاوہ علاقائی مجالس بھی منعقد ہوتی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سائوتھ نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام امام بارگاہوں اور دیگر مجالس اور مرکزی جلو س کی گزر گاہوں کے مقامات پر صفائی ستھرائی اور روشنی کا مناسب انتظام کیا جائے اور سیکورٹی کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداران حضرت علی کرم اللہ وجہہ کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں ۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی نے تمام ضلعی انتظامیہ و دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات دیں کہ کے اس مو قع پر عوام الناس کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کے ساتھ پیشگی اقدامات کئی جائے۔ اجلاس میں پاکستان جعفریہ الائنس کی عہدیداران سمیت پولیس ، پاکستان رینجر، دیگر قانون نافذ کر نے والے اداروں سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز، کے ایم سی ،ڈی ایم سی ،ایس ایس جی سی ،کے ای ،فا ئر بریگیڈ ،کرا چی واٹر اینڈ سیوریج بو ر ڈ ،سندھ سا لڈ ویسٹ مینجمنٹ ،اسکائو ٹس ،ٹریفک پولیس اور امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز / منتظمین اور متعلقہ ادارو ں کے افسران نے شرکت کی۔