کراچی:سندھ کے ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ اسکولز نے صوبے بھرکے نجی اسکولوں اور کالجوں کو 3 سالہ ریکارڈفراہم کرنے کا حکم دیا ہے جس کامقصد نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سےمحکمہ تعلیم کی طے شدہ پالیسی پر عملدرآمد جاننا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے نجی اسکولز اورکالجز سے 2021 سے 2023 کے درمیان داخل ہونے والے بچوں اور بچوں کی کل تعداد کے 10 فیصدضرورت مند طالبعلموں کو مفت تعلیم کاریکارڈطلب کیاگیا ہے۔ سرکاری رول کے مطابق کو بچوں اسکول میں داخلہ دیا جاتا ہے یا نہیں اس حوالے سے بھی ریکارڈمانگاگیا ہے۔
اس کے علاوہ نجی تعلیمی اداروں طالبعلموں کی ٹیوشن، ایڈمیشن، سیکیورٹی کی مد میں وصول کی گئی فیسوں کاریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے جس کا مقصد یہ جاننا ہے کہ حکومت نے کوروناوبا کے دوران سال 2020 میں اپریل تا ستمبر تک بچوں کی فیسیں 20 فیصد کم کرنے کی ہدایت کی تھی اس پر عمل ہوا یا نہیں۔
ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری سرکلرکے مطابق نجی اسکولز اورکالجز انتظامیہ کو 15 روز میں اپنے اپنے اداروں کا ریکارڈ ڈایریکٹوریٹ آفس میں جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ حکم نامے پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے گی۔