مکہ مکرمہ: مسجد حرام میں خانہ کعبہ کے اطراف طواف کرنے کے مناظر میں سے ایک منظر نے لوگوں کے دلوں کو مسحور کردیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص عمرہ ادا کرتے ہوئے اپنی ماں کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر طواف کرا رہا ہے۔ اﷲ کے گھر حاضر ہونے والا یہ شخص والدین سے اچھا سلوک کرنے کے اﷲ کے حکم کی پیروی بھی کررہا ہے۔سوشل میڈیا پر اپنی ماں کو اپنے کندھوں پر عمرہ کے مناسک ادا کرانے والے اس وفادار بیٹے کی ویڈیو بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔ لوگوں نے اس شخص کے عمل کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خانہ کعبہ کے قرب و جوار میں ایک شخص کیسے اﷲ کے فرمان وبالوالدین احسانا کی مجسم تصویر بنا ہوا ہے۔ بیٹے کے ماں کے لیے پیار اور اس سے وفاداری کے اس منظر کو دیکھ کر لوگوں نے زبردست تعریف کی ہے۔
بڑی تعداد میں لوگوں نے والدین کی تعظیم میں شاندار تبصرے کیے ہیں۔اس بے ساختہ منظر میں اپنی ماں کو کندھوں کو اٹھا کر اﷲ کے گھر کے گرد چکر لگانے والے کی خوشی قابل دید ہے جس سے اس کی اپنے ماں کے لیے گہری محبت بھی مزید واضح ہو رہی ہے۔ویڈیو دیکھنے والوں نے اپنے تبصروں میں ماں کی قدر کرنے والے اس شخص کے لیے دعائیں کی۔
https://www.facebook.com/100009772660322/videos/904314110703238/