کراچی: سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف اپنی شرائط پر حکومت سے بات چیت کرنا چاہتی ہے۔
ایک بیان میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پہلے قومی اسمبلی تحلیل کریں تو پی ٹی آئی انتخابی اصلاحات پر بات کرے گی ۔
اگر قومی اسمبلی تحلیل ہو گئی تو اصلاحات کون کیا عمران نیازی منظور کریں گے؟
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت سے مذاکرات تب ہوں گے جب اسٹیبلشمنٹ بھی ساتھ بیٹھے گی، پی ٹی آئی کا اصل مقصد اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بیٹھ کر دوبارہ سلیکٹیڈ بننے کی کوشش ہے۔
سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عمران نیازی پارلیمانی نظام کا مخالف اور صدارتی نظام چاہتے ہیں تاکہ کسی کو جوابدہ نہ ہوں۔
جارج آر ویل کے ناول ’نائنٹین ایٹی فور‘ سے متاثر ہو کر عمران نیازی ’بگ برادر‘ بن کر عوام سے سوال کرنے کا حق چھیننا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی اقتدار میں واپس آ کر جاسوسی کا ایسا نظام لانا چاہتے ہیں تاکہ ہر شخص کی زندگی کو کنٹرول کر سکیں۔
پاکستان تحریک انصاف اپنی شرائط پر حکومت سے بات کرنا چاہتی ہے: ناصر حسین شاہ
