کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے ایک وفد نے ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہارالحسن کی سربراہی میں کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو سے ملاقات کی۔
وفد نے ملاقات کے دوران پولیس چیف سے کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پرسخت احتجاج کیا اورنشاندہی کی کہ گزشتہ سال 110 سے زیادہ افراد اسٹریٹ کرائم میں لقمہ اجل بنے اور 350 سے زیادہ شدید زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل جو غریب کی سواری ہے پچھلے سال 20 ہزارموٹرسائیکلیں چوری ہوئیں جو پولیس کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے،عوام روزانہ اپنی جان و مال سے ہاتھ دھورہے ہیں اورپولیس کی جانب سے صرف نمائشی چیکنگ کے نام پرغریب عوام کو لوٹا جارہا ہے۔
اس موقع پرسیف سٹی پراجیکٹ میں تاخیرکی وجوہات پربھی گفتگو کی گئی اورجرائم کو قابو کرنے اورعوام کی جان و مال کو مکمل تحفظ فراہم کرنے پرزوردیا گیا،کراچی پولیس چیف نے کہا کہ حالیہ دنوں اسٹریٹ کرائم اورمنشیات کے خاتمے کیلئے پولیس متحرک ہے اورہرممکن وسائل بروئے کارلارہی ہے،شہرمیں سی سی ٹی وی کیمروں میں اضافے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ پولیس میں تفتیش کے شعبے کو جدید خطوط پر استوارکیا جارہا ہے اورتعلیم یافتہ نوجوانوں کو پولیس میں بھرتی کیا گیا ہے تاکہ کارکردگی مزید بہتربنائی جاسکے۔
ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کی پارلیمانی لیڈرسندھ اسمبلی رعنا انصارسمیت اراکین سندھ اسمبلی سنجے پروانی، ہاشم رضا،غلام جیلانی،عباس جعفری بھی موجود تھے۔