کراچی:حکومت سندھ کی جانب سے لگائے جانے والے سستے بازاروں سے سستی اشیاء غائب ہوگئیں،سستے بازاروں سے پھل اورسبزیاں مہنگی ہونے کی وجہ سے خریدارخالی ہاتھ گھرلوٹ رہے ہیں۔
حکومت سندھ کے تحت قائم سستے بازاروں میں اشیا سستی فراہم کرنے کے دعوے تو بہت کئے گئے تھے لیکن انتظامیہ کے دعوؤں کے برعکس عمل درآمد نہیں کرایا جاسکاہے۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ سستے بازار کی قیمت عام مارکیٹوں سے کوئی خاص فرق نہیں ہے۔ آٹا بھی دستیاب نہیں ہے۔خریداروں کا کہنا ہے کہ مقررہ سرکاری نرخوں پرپھل، سبزیاں اور اشیائے خورونوش فراہم کرنے کیلئے سستے بازار تو قائم کردئیے گئے لیکن بازاروں میں سستے داموں ہر قسم کی اشیا خورونوش کی فراہمی کے بجائے سستے بازارقائم کرکے انتظامیہ بری الذمہ ہوگئی ہے۔
بازاروں میں نہ صرف اشیا کی تعداد کم ہے بلکہ بنیادی ضرورت زندگی سرے سے ہی دستیاب نہیں ہے۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ سستے بازار میں جن اشیاء کے نرخ اوپن مارکیٹ سے کم ہیں ان میں دال سبزی چاول اور پھلوں کی کوالٹی اچھی نہیں ہے۔
دوسرے اور تیسرے درجے کی اشیاء فروخت کی جارہی ہیں گھی اور کوکنگ آئل کے نرخ عام مارکیٹ کے برابر ہیں۔