کراچی :لاہور،کراچی، لاہور سمیت ملک بھر میں یوم شہادت حضرت علیؓ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔
ملک کے مختلف شہروں میں مجالس عزاء برپا اور ماتمی جلوس برآمد ہو کرمقررہ مقامات پرختتام پذیرہوگئے۔کراچی میں ماتمی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوا، جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے راستے بند اور گزر گاہوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہی، سندھ میں تمام تعلیمی ادارے بند رہے۔
لاہورمیں مبارک حویلی سے نکلنے والا جلوس کربلاگامے شاہ پہنچ کراختتام پذیرہوگیا، راولپنڈی میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس موہن پورہ، ناولٹی سینما چوک، کشمیری بازار، فوارہ چوک، اقبال روڈ اور بوہڑ بازار چوک سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کرنل مقبول اور اسلام آباد کا مرکزی جلوس امام بارگاہ زینبیہ سے برآمد ہو کر امام بارگاہ سیکٹر جی 6 ٹو میں ختم ہوا،قبل ازیں ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص نے یوم علیؓ کے موقع پر مرکزی جلوس کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن میں بھی جلوس نکالا گیا ۔ پشاور میں یوم علی کا جلوس کوچی بازار سے برآمد ہوکر سحری کے وقت ختم ہوا۔
یوم علیؓ کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے،جلوس کے شرکاء کو صرف واک تھرو گیٹس کے ذریعے داخلے کی اجازت تھی ،راستوں پر کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگائے گئے تھے۔