کراچی : ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ سید شکیل احمد کی صدارت میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں میونسپل کمشنر فہیم خان، فوکل پرسن امتیاز بھٹو، سپریٹینڈنگ انجنئیر مبین شیخ، ایڈیشنل ڈائریکٹر توقیر عباس سمیت دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی.
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک والنٹئیرز نے دو عشروں میں ضلع شرقی میں ٹریفک رواں دواں رکھنے میں نمایاں کام کیا ہے اب ٹریفک جام کی صورتحال کے پیش نظر ان کی ڈیوٹیاں بازاروں ومصروف شاہراہوں پر منتقل کی جارہی ہیں تاکہ ضلع شرقی میں مصروف اوقات کار کے ساتھ اضافی ٹریفک کو رواں دواں رکھا جاسکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید شکیل احمد نے کہا کہ عید گاہوں پردیگر اداروں کے باہمی کوآرڈینیشن سے بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بلاتاخیر امور سر انجام دئیے جائیں انہوں نے کہا کہ عیدگاہوں ومساجد کے اردگرد زیادہ تر کام صفائ ستھرائ کا ہے جس کی ذمہ داری سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ہے لہذا بورڈ کو آگاہ کیا جائے کہ وہ فوری طور پر اس سلسلے میں کام کا آغاز کرےجبکہ جو خدمات ڈی ایم سی نے فراہم کرنی ہیں اس میں کسی قسم کی کوتاہی کا قطعی مظاہرہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے ٹریفک والنٹئیرز کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ضلع شرقی میں ٹریفک رواں دواں رکھ کر انہوں نے اپنی صلاحیتیں پیش کیں اب ان کو بازاروں میں بھی ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، عوام کوریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر وہ کام کرنے کی کوشش کی ہے جس سے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا ہوں۔
میونسپل کمشنر فہیم خان نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک میں ٹریفک والنٹئیرز نے ضلع شرقی کو رواں دواں رکھنے کے حوالے سے جو کام کیا ہے وہ قابل تعریف ہے دیگر محکمہ جات کی جانب سے بھی جو بلدیاتی خدمات پیش کی گئیں وہ بہتر رہیں اب آخری عشرے میں بھی بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن کردار ادا کرکے ضلع شرقی کے مکینوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا.